ممبئی :14/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)25 سالوں سے جیل میں مقید 92 سالہ رائے بریلی کے مکین ڈاکٹر حبیب گذشتہ شب طویل عرصہ کے بعد جب اپنے گھر پہنچے تو ان کے لیئے سب بدل چکا تھا ، انہیں رائے بریلی کے تاریخی گلی کونچے اجنبی لگ رہے تھے نیز ان کے جیل جانے کے وقت کے حالات اور آج کے حالات میں زمین آسمان کا فرق محسوس کرکے ان کی کیفیت بدل گئی ہے۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشدمدنی)قانونی امداد کمیٹی کی کوششوں سے 20 دنوں کے لیئے پیرول پر رہا ڈاکٹر حبیب نے جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ان کی صحت اور عمر کے مد نظر عدالت مستقل پیرول پر رہائی کی کوشش کی جائے جس پر گلزار اعظمی نے انہیں عدالت سے رجو ع ہونے کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ ڈاکٹر حبیب کو علاج و معالجہ کے لیئے 20 دنوں کے لیئے پیرول پر رہا کیئے جانے کے احکامات جئے پور ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے جاری کیئے تھے۔ جسٹس محمد رفیق اور جسٹس گوردن بھردار نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے توسط سے داخل عرضداشت پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عرض گذار کو فوراً جیل سے رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے تھے۔